کوجھی کو ڈ، 25؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کشمیری علیحدگی پسندوں کو واضح پیغام دیتے ہوئے بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے آج کہا کہ مرکزی حکومت ایسے لوگوں سے کوئی بات چیت نہیں کرے گی جن کا ہندوستانی آئین پر کوئی یقین نہیں ہے اور صرف ان سے بات چیت کرے گی جو خود کو ہندوستانی سمجھتے ہیں۔وادی میں گزشتہ چند ماہ میں صورت حال کے تشویشناک شکل اختیار کرلینے کی بات کو قبول کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ کشمیر کو ہندوستان سے الگ کیا جا سکتا ہے، تو وہ اس کا خواب ہے اور یہ کبھی شرمندہ تعبیر ہونے والا نہیں ہے۔پارٹی کی قومی کونسل کی میٹنگ میں افتتاحی تقریر میں امت شاہ نے پارٹی کے غریبوں کی فلا ح و بہبودکے لیے بنائے گئے ایجنڈا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب سے نریندر مودی نے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا ہے اس کے بعد سے مرکزی حکومت غریبوں کی ترقی کے لیے وقف رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے ایک سال تک غریب فلاح و بہبود سال منایا جائے گا۔وزیر اعظم مودی اور دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں شاہ نے اپنے خطاب میں کافی وقت تک دین دیال اپادھیائے اور ان کے فلسفہ پربات کی جن کا آج سواں یوم پیدائش ہے۔کشمیر میں بدامنی اور اری حملوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اس کو ہم الگ نہیں کر سکتی ہے۔